کراچی: لیاقت آباد میں سلنڈر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں بلند و بالا رہائشی عمارت کی چھت گر گئی اور 1 بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لیاقت آباد نمبر9 میں اے سی کی گیس بھرنے کے دوران پیش آیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق سلنڈر دھماکہ رہائشی عمارت کی پانچویں منزل پر ہوا۔
دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور حادثے کی وجوہات پر تفتیش شروع کردی گئی۔
افسوسناک حادثے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد مہیا کی گئی۔
انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کہا کہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا۔ بلند و بالا عمارت میں ہلکے بلاک کی دیواریں بنی ہوئی ہیں جو دھماکے کی شدت برداشت نہیں کرسکیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق متاثرہ کمرے میں اے سی لگایا جارہا تھا۔ حادثے کے وقت کمرہ بند تھا۔ شارٹ سرکٹ ہوا اور گیس کا پریشر بننے کے باعث دھماکہ ہوگیا۔
حادثے کے باعث اے سی کی تاریں جل گئیں۔ایس ایس پی سنٹرل کے مطابق سلنڈر دھماکے کے باعث رہائشی عمارت کی چھت گر گئی جس سے بچے سمیت 2 افراد جان بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
شہرِ قائد میں سلنڈر دھماکہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، ایسے بے شمار واقعات میں کراچی کے درجنوں شہری جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، بشیر چو ک کے قریب سلنڈر دھماکہ، 2افراد جاں بحق،5زخمی
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے موسمیات کے قریب واقع دکان میں سلنڈر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔
یہ واقعہ گزشتہ ماہ 7 اپریل کے روز کراچی کے علاقے موسمیات کے قریب دکان میں دھماکے کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں دھماکہ، 2 بچے اور خاتون جاں بحق، متعدد افراد زخمی