کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پاک افغان بارڈر پر شہید ہونے والے میجر عدیل شاہد کے گھر گلستانِ جوہر پہنچے اور ان کے والد سے تعزیت کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے شہید میجر عدیل شاہد کے والد سے تعزیت کے دوران کہا کہ میجر عدیل نے وطن کی آبرو کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی پر کسی آرٹیکل کے نفاذ کی بات کو سندھ توڑنے کا رنگ دیا جاتا ہے۔فروغ نسیم
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہید کے اہل خانہ کو سندھ حکومت کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
اس موقعے پر وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی، مرتضیٰ وہاب اور صوبائی حکومت کے دیگر حکام بھی وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے شہید میجر عدیل شاہد کے بچوں سے بھی ملاقات کی۔
میجر عدیل شاہد صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر باڑھ لگانے کے عمل کی نگرانی کر رہے تھے کہ ان پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کے باعث شہید ہونے والے میجر عدیل شہید کو گزشتہ روز فوجی اعزاز کے ساتھ کراچی کے قبرستان میں دفن کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سے درخواست کی کہ وہ ایک ماہ کے لیے صفائی مہم بند کردیں اور اب سندھ حکومت کراچی صاف کرکے دکھائے گی۔
مزید پڑھیں: علی زیدی ایک ماہ کے لیے صفائی مہم بند کریں، ہم کراچی صاف کرکے دکھائیں گے۔مراد علی شاہ