جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چوہدری برادران آزادی مارچ کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ان کی کاوشیں کامیاب بھی ہوسکتی ہیں اور ڈیڈ لاک ٹوٹ سکتا ہے۔
اسلام آباد میں چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا جبکہ قومی سطح پر معاملات کو سنجیدگی سے حل کرنا ضروری ہے جبکہ چوہدری برادران اور میری ایک دوسرے کے گھر آمدورفت کسی پروٹوکول کی محتاج یا پابند نہیں ہے۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم مل کر ملک کو بحران سے نکالنے کی خواہش رکھتے ہیں جبکہ اس معاملے میں کمیشن بنانے کی تجویز بھی زیر غور آچکی ہے۔ امید کرتے ہیں کہ ا س معاملے کا حل جلد نکل آئے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارا مارچ حکومت کی طرف جا رہا ہے جبکہ جو فیصلے ہماری طرف سے کیے گئے ہیں، ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہے، جبکہ دوسری جانب حکومت اپوزیشن ڈیڈ لاک توڑنے کی کوششوں میں مصروف چوہدری برادران نے مذاکرات کی کامیابی پر حوصلہ افزا نتائج کی توقع ظاہر کی ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ آزادی مارچ کی قیادت کرنے والے مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم دوبارہ الیکشن کے مطالبے پر قائم ہیں۔ دھاندلی زدہ حکومت نہیں مانیں گے۔جتنی جلدی فیصلہ کروگے اتنا اچھا ہوگا۔
آزادی مارچ سے گزشتہ روز خطاب میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہاکہ آزادی مارچ اپنے مطالبات برقرار رکھے ہوئے ہے ، جب تک رہبر کمیٹی کوئی فیصلہ نہیں کرتی کارکن ڈی چوک کے نعرے نہ لگائیں۔
مزید پڑھیں: دوبارہ الیکشن کےمطالبےپرقائم ہیں،دھاندلی زدہ حکومت نہیں مانتے، مولانافضل الرحمان