کراچی میں تاجر سے رقم اینٹھنے والے 3 بھتہ خور دھر لیے گئے، ایس آئی یو، سی آئی اے نے ملزمان کو بھتے کی رقم 2 لاکھ روپے سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق تاجر سے بھتہ لینے والے 3 ملزمان نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار ہوئے۔ ایس آئی یو نے ملزمان الیاس، قاسم اور صدام کو حراست میں لے لیا جبکہ بھتہ خوروں کا ایک ساتھی موقعے سے فرار ہوگیا۔ملزمان نے بھتے کیلئے پرچی استعمال کی تھی۔
کوسٹ گارڈز کی کارروائی، 59 کلوگرام منشیات برآمد، اسمگلر گرفتار
گرفتار بھتہ خوروں سے تاجر سے ہتھیائی گئی بھتے کی رقم 2 لاکھ روپے اور ایک پستول برآمد ہوا۔ ملزمان نے متاثرہ تاجر کو بھتے کی پرچی دے کر 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا جس کا مقدمہ نمبر 44، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت تھانہ نیو کراچی میں درج کیا گیا۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد اس کی تفتیش ایس آئی یو کے سپرد ہوئی۔ اسی دوران ملزمان نے مدعی مقدمہ کو کال کرکے 2 لاکھ بھتہ ادا کرنے کو کہا۔ مدعی نے ملزمان کی کال کی اطلاع ایس آئی یو کو دے دی۔ حکمتِ عملی کے تحت ملزمان کو مدعی کی فیکٹری کے پاس بلوایا گیا۔
ملزمان کو ادائیگی کے بہانے سے بلایا گیا تھا۔ جیسے ہی ملزمان نے مدعی سے 2 لاکھ بھتہ وصول کیا۔ پولیس پارٹی نے موقعے سے انہیں بھتے کی رقم سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران بھتہ خوری کے ساتھ ساتھ ڈکیتیوں کا بھی اعتراف کر لیا۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ نیو کراچی اور سرجانی کے علاقوں میں گھروں اور دکانوں میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں کرچکے ہیں جن کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ ملزم صدام حسین سے پستول برآمد ہوا جس کے خلاف الگ مقدمہ درج کر لیاگیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔